۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
جماعت اہل سنت پاکستان

حوزہ / جماعت اہلسنت پاکستان کے راہنماؤں نے کہاہے کہ انٹرنیشنل سنی کانفرنس کا مقصدنفرتیں ختم کرکے محبتیں بڑھاناہے،وطن عزیز اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہے ہمیں ہر حال میں اپنا کردار ادا کرنا اورہر اس قوت کا ساتھ دینا ہوگاجو پاکستان کے استحکام کے لیے مخلص ہے،ہمیں ہر اندرونی اور بیرونی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جماعت اہل سنت پاکستان کی طرف سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں جماعت اہلسنت پاکستان کے راہنماؤں نے کہا: جماعت اہلسنت پاکستان ملک کی سالمیت اور تحفظ کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہے ۔

ان خیالات کا اظہار مرکزی ناظم اعلی جماعت اہلسنت پاکستان خالد سلطان القادری، مرکزی نائب ناظم ڈاکٹر حمزہ مصطفائی، ناظم انٹرنشنل سنی کانفرنس پیرسید شبیر حسین شاہ گیلانی اور دیگر نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر علامہ مولانا محمد وزیر القادری، علامہ مولانا محمد اکرم سعدی، پیرا محمد گلزار نقشبندی، مفتی محمد اسلم ضیائی، راجہ ریاضت حسین نقشبندی، احمد حسن ہاشمی ، ملک ثاقب محمودایڈوکیٹ اوردیگر موجود تھے۔

مرکزی ناظم اعلی جماعت اہلسنت پاکستان خالد سلطان القادری اور دیگر نے کہا: جماعت اہلسنت پاکستان ایک غیر سیاسی نظریاتی مذہبی تنظیم ہے۔ جماعت اہلسنت پاکستان جہاں نظریہ اسلام کے فروغ کے لیے کوشاں رہتی ہے وہاں وہ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں خصوصا نظریہ پاکستان کے فروغ اور تحفظ کے لیے بھی ہمیشہ جدوجہد میں مصروف رہتی ہے چونکہ ملک اس وقت جن مسائل کا شکار ہے اس میں ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اپنا کردار اداکریں۔

انہوں نے مزید کہا: اس ضمن میں 15مئی کو اسلام آباد کے علاقے گلبرگ میں صبح دس بجے سے نماز مغرب تک عالمی سنی کانفرنس کا انعقاد کیاجارہاہے۔ جس میں ملک بھر کے علاوہ بیرون ملک سے بھی علماءکرام تشریف لارہے ہیں۔ جن میں بالخصوص شیخ عبدالعزیز عبدالرزاق اشولہ نائیجیرین سپریم کونسل برائے اسلامی امور اور75سے زائد کتابوں کے مصنف شیخ نور الدین ابراہیم وبانی عرفان سنٹر برائے تحقیق و ترقی نائیجیریا شامل ہیں۔

پریس کانفرنس کے اہم اہداف اور مقاصد میں تحفظ عقیدہ ختم نبوت (ص)،تحفظ ناموسِ رسالت (ص)،تحفظ ناموسِ اہلبیت، تحفظ ناموسِ صحابہ، نظریہ پاکستان کی حفاظت، اسلامی اقدار کا احیاء، استحکام پاکستان اور عالمی استعمار کی عالم اسلام کے خلاف سازشوں کا مقابلہ کرنا شامل ہے۔

15مئی کو اسلام آباد میں منعقدہ انٹرنیشنل سنی کانفرنس اہلِ سنت اکابرین کی عزیمت، ہمت اور شجاعت و حق گوئی کی داستان اور تاریخ کا سنہری باب ثابت ہوگی۔ کانفرنس وحدتِ امت؛ استحکام پاکستان، دہشت گردی اور تشدد پسندی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .